کراچی(این این آئی)کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں اب تک کی سب سے بڑی ڈکیتی ہوئی ہے ،جہاں 4 مسلح ڈاکو دن دیہاڑے ٹیلی کام کمپنی کے دفتر سے 1 کروڑ روپے لے کر فرار ہوگئے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق نئے سال میں بھی ضلع جنوبی میں پولیس امن قائم نہ کراسکی، صدر موبائل مارکیٹ میں ٹیلی کام
کمپنی میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی ہوئی ہے۔ایک روز قبل ہونے والی ڈکیتی کا مقدمہ پریڈی تھانے میں گزشتہ روز کمپنی کے سیلز منیجرکی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے ۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی بالائی منزل پر 4 ملزمان سیڑھی کے راستے آتے ہیں، چاروں ملزمان زینے میں کھڑے ہو کر منصوبہ بندی کرتے ہیں۔اس دوران سامنے کے دفتر کا لڑکا منظر دیکھنے لگتا ہے تو واردات کا آرگنائزر مسلح شخص اسے بھی ساتھ لے جاتا ہے۔3 ملزمان واردات کر رہے ہوتے ہیں تو چوتھا قمیض شلوار پہنا شخص نگرانی کرتا نظر آتا ہے۔ ڈکیتی کی اس واردات میں ملزمان ویگو ٹیل موبائل کمپنی کے دفتر سے 46 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد رقم جبکہ 77 لاکھ روپے سے زائد کے چیک لے گئے ہیں۔پریڈی پولیس نے واردات کا مقدمہ نمبر 22/22 محمد رفیق کی مدعیت میں زیر دفعہ 392، 397 اور 34 درج کرلیا ہے۔سیلز منیجر کے مطابق 4مسلح ملزمان جن میں 3پینٹ شرٹ 1شلوار قمیض پہنے ہوئے تھا اسلحہ کے زور پر دفتر میں داخل ہوئے اور چاروں ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر مجھ سمیت عملے کو یرغمال بنایا۔منیجر کے مطابق ملزمان نے ٹیبل کے دراز سے 46لاکھ روپے سے زائد رقم نکال لی، جبکہ ٹیبل پر موجود 77لاکھ روپے سے زائد کے کراس چیک لے لئے اور فرار ہوتے وقت دفتر کے چار ملازموں سے 4موبائل فون بھی چھین کر لے گئے۔