اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے نواز شریف کی بیماری کھلم کھلا دھوکا اور فراڈ تھا شہباز شریف نواز شریف کو باہر بھیجنے کے فراڈ میں ملوث ہیں ان کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے ۔عدالت سے استدعا کریں گے شہباز شریف نواز شریف کو وطن واپس لائیں یاانہیں نااہل کیا جائے ۔ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ای وی ایم کے ذریعے ہوں گے،
لاک ڈائون کے متحمل نہیں ہو سکتے نہ ہی سکول بند ہو ں گے ، سانحہ مری پر اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جوسات روز میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سیاحت کو بڑھانے کی کوشش کی ، پنجاب حکومت نے سانحہ مری پر اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو سات روز میں رپورٹ جمع کرائے گی ۔ سانحہ مری میں تقریباً 22 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ طوفانی برف باری کے باعث درخت گرنے سے سڑکیں بلاک ہوگئیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مری میں 5 گاڑیوں کے ساتھ واقعات پیش آئے جبکہ زیادہ تر لوگ گاڑیاں چھوڑ کر پیدل نکل پڑے تھے۔فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے 13 نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے ہیں اور ملک میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ کالام، ناران، سوات اور دیگر مقامات پر سیاحوں کا رش ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے مطابق ایک لاکھ 64 ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئی تھیں۔ حکام کو ایک خاص وارننگ جاری کی جانی چاہیے۔ مری میں اموات کاربن مونو آکسائیڈ کی وجہ سے ہوئیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا نواز شریف کھلم کھلا حکومت کو دھوکہ دے کر شہبازشریف کی شخصی ضمانت پر ملک سے باہر گئے۔ نواز شریف کی صحت کا جو ڈرامہ کیا گیا وہ درست نہیں تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جعلی بیان حلفی جمع کرانے پر شہباز شریف کی نااہلی اور ان کی طلبی کے لیے اٹارنی جنرل لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے ۔ شہباز شریف نواز شریف کو باہر بھیجنے کے فراڈ میں ملوث ہیں ،شہباز شریف نے عدالت سے جھوٹ بولا یا تو وہ نواز شریف کو وطن واپس لائیں یا عدالتی کارروائی کا سامنا کریں ،ہم نے 2بار پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے کہ ہمیں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ دی جائیں لیکن شریف فیملی نے رپورٹ شیئر کرنے سے انکار کر دیا نواز شریف 17ماہ سے لندن میں مقیم ہیں لیکن انہوں نے وہاں علاج نہیں کرایا وہ بیرون ملک بیٹھ کر قانون کا مذاق اٹھارہے ہیں ۔ انہوں نے جورپوٹس بھجی ہیں وہ پنجاب حکومت نے مسترد کر دی ہیں کیونکہ گزشتہ رپورٹ موجودہ صورت حال سے
مطابقت نہیں رکھتی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے اسلام آباد میں 400کنال پر مشتمل 6000 رہائشی اپارٹمنٹس تعمیر کیئے جائیں گے اس منصوبے سے 2 ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔ اسلا م آباد میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے ہوں گے 15اپریل سے پہلے الیکشن کمیشن کو ای وی ایم مشینیں فراہم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پانچویں
لہر میں لاک ڈاون نہیں لگایا جائے گا اور ملک میں تعلیمی ادارے بھی بند نہیں کیے جائیں گے تاہم صورتحال کو باریک بینی سے مانیٹر کر رہے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کی شرح دگنی ہو گئی ہے تاہم ہماری معیشت لاک ڈاؤن کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔