کراچی(این این آئی) پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی 2 رگیں بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈاکٹرز نے ایسی حالت میں ان کے کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دیدیا۔کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں عابد علی کو سینے اور بائیں ہاتھ میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس پر انھیں ہسپتال منتقل کر دیا
گیا تھا۔نجی ہسپتال میں ٹیسٹ کرکٹر کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ان کی دو وینز بلاک تھیں، ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹس کے بعد پہلے سیشن میں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کی ہے اور ایک بلاک وین کو کھول دیا گیا ہے۔عابد علی کی بلاک وین میں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے ،نجی ٹی وی کے مطابق دوبارہ انجیوپلاسٹی کے بعد دوسرا اسٹنٹ ڈالا جائے گا،انھیں ڈاکٹرز نے 2 ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اور دو ماہ بعد وہ معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے عابد علی کے 2 وینز بلاکیج کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو معجزہ قرار دیدیا ۔دوسری جانب قومی ٹیسٹ کرکٹ کے اسٹار بیٹر عابد علی نے مداحوں دعائوں کی اپیل کی ہے عابد علی نے اپنے ویڈیو پیغام میں مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ، ویڈیو پیغام میں ٹیسٹ کرکٹر کو ہسپتال کے بستر پر لیٹے دیکھا جاسکتا ہے۔36 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں عابد علی نے کہا کہ اللّٰہ کا شْکر ہے میں ٹھیک ہوں، آپ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔ عابد علی نے اپنی صحت سے متعلق بتایا کہ ان کا ایک پراسیجر ہونا ہے جس کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔ٹیسٹ کرکٹر نے اپنے ویڈیو پیغام میں دْعا اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔