دبئی(آن لائن )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی جاری کردی ہے جہاں پاکستان کے بلے باز محمد رضوان نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 831 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے، پاکستانی کپتان بابراعظم 820 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ بابراعظم 11 پوائنٹس کے فرق سے انگلش بلے باز سے پیچھے ہیں، تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے آئیڈن مرکرم 743 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان نے 727 پوائنٹس بنالیے اور چوتھی پوزیشن اپنے نام کرلی ہے، جس کے بعد بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی اور دونوں کے درمیان صرف 2 پوائنٹس کا فرق ہے۔بیٹنگ میں چھٹے نمبر پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ، ساتویں پر نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے، آٹھویں نمبر پر بھارت کے لوکیش راہول، ویسٹ انڈیز کے ایون لیویس نویں اور دسویں نمبر پر افغانستان کے حضرت اللہ زازئی براجمان ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کی باؤلنگ کی درجہ بندی میں بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے والے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے بالترتیب 596 اور 563 پوائنٹس کے ساتھ بہترین پوزیشن حاصل کرلی لیکن دونوں باؤلرز سرفہرست 10 نمبروں میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔شاہین شاہ 12 ویں اور حارث رؤف 17 ویں نمبر پر موجود ہیں باؤلنگ کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے تبری شمسی 750 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، سری لنکا کے ڈی سلوا دوسرے، افغانستان کے راشد خان تیسرے اور انگلینڈ کے عادل رشید چوتھے
اور افغانستان کے مجیب الرحمٰن پانچویں نمبر پر ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کے بہترین آل راؤنڈرز کی جگہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے لی ہے جنہوں نے 20 پوائنٹس ترقی کرکے مجموعی پوائنٹس 295 کرلیے اور پہلی پوزیشن میں آگئے ہیں۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی دوسرے، نمیبیا کے جے جیاسمیٹ تیسرے، آسٹریلیا گلین میکسویل چوتھے اور عمان کے ذیشان مقصود پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔سرفہرست 10 آل راؤنڈرز میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں تاہم محمد حفیظ 128 پوائنٹس کے ساتھ 14 ویں نمبر پر ہیں۔