اسلام آباد (مانیٹرنگ، این این آئی)ادارہ شماریات کے مطابق کراچی کے شہری سب سے زیادہ مہنگے آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، کراچی میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، اس طرح کراچی میں آٹے کا تھیلا پنجاب کی نسبت 400 روپے تک مہنگا ہے،
ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب کے بڑے شہروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے جسکے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.20 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 12.66 فیصد تک پہنچ گئی، کم آمدنی والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 14.12 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 43 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، برانڈڈگھی کا اڑھائی کلو کا ٹن 6 روپے 90 پیسے مہنگا ہوا، برانڈڈ گھی فی کلو 2 روپے 99 پیسے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق لہسن، چاول، مٹن، آلو، گڑ مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں،ایک ہفتے میں 10 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں قیمتوں میں کمی ہوئی، ایک ہفتے میں چینی 6 روپے 72 پیسے سستی ہوئی،زندہ مرغی فی کلو 4 روپے اور انڈے فی درجن 6 روپے تک سستے ہوئے، آٹے کا 20 کلو تھیلا 11 روپے سستا ہوا، دال ماش، دال مونگ، دال مسور اور کیلے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں،ایک ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔