کراچی(این این آئی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معیشت سے متعلق آئوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باوجود پاکستان کی معاشی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں، نجی سرمایہ کاری کو تحفظ کی فراہمی سے کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، بہتر
پالیسیوں کے باعث مینوفیکچرنگ کے شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔آئوٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی پیکج اور بہتر پالیسیوں کے باعث پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اس لئے رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، صنعت، تعمیرات اور مینوفیکچررنگ کے شعبوں سمیت زرعی شعبے کی بھی نمایاں بہتری کا امکان ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح بڑھنے کا امکان ہے، گندم، چینی اور اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا باعث بن سکتا ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے تیل اور گھی پر نان رجسٹرڈ افراد پر 3فیصد اضافی جنرل سیلز ٹیکس واپس لے لیا،پاکستان وناسپتی مینوفیکچررزایسوسی ایشن نے اس ضمن میں کہاہے کہ اس اقدام سے گھی اور تیل کی قیمتوں میں 6سے 10روپے فی کلو کمی ہوگی۔مہنگائی کے جن پر قابو پانے کیلئے حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا، نان رجسٹرڈ افراد کیلئے تیل اورگھی پر 3 فیصدجی ایس ٹی واپس لے لیا گیا۔ایف بی آر نے تیل اور گھی پر نان رجسٹرڈ افراد پر اضافی 3فیصد جنرل سیلز ٹیکس ختم کر دیا۔پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق اس فیصلے کی وجہ سے ایک لیٹر خوردنی تیل اور گھی کی قیمت میں 10روپے کلو تک کمی ہوگی جبکہ گھی اور تیل کے 5لیٹر پیک پر 40روپے تک کمی ہوگی۔