کابل(آن لائن)افغانستان میں طالبان مخالف قوتوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ منگل کو طالبان کی اعلان کردہ نئی حکومت کو تسلیم نہ کریں۔اْنھوں نے کہا کہ
طالبان اور اْن کے ساتھیوں کی صرف مردوں پر مشتمل کابینہ ’غیر قانونی‘ ہے۔قومی مزاحمتی محاذ کا کہنا ہے کہ وہ طالبان کی جانب سے نگراں کابینہ کے اعلان کو ’گروپ کی افغان عوام کے ساتھ دشمنی کی کھلی علامت‘ کے طور پر دیکھتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ نے اپنی افواج پر حملوں سے منسلک افراد کی کابینہ میں شمولیت پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ یورپی یونین نے کہا ہے کہ طالبان نے تمام دھڑوں کی نمائندہ حکومت بنانے کے وعدے کو توڑا ہے۔بدھ کو کابل میں اور صوبہ بدخشاں میں درجنوں خواتین نے سڑکوں پر احتجاج کیا۔اْن کا کہنا تھا کہ وہ خواتین کی نمائندگی کے بغیر کوئی حکومت قبول نہیں کریں گی۔طالبان کا کہنا ہے کہ اْنھوں نے مظاہروں کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کیا ہے تاہم اْنھوں نے کہا کہ مظاہرین کو اجازت لینی ہوگی اور غلط زبان استعمال کرنے سے گریز کرنا ہوگا۔