کرائسٹ چرچ (این این آئی)نیوزی لینڈ میں 24 سال قبل برفانی تودیکا شکار ہونے والے کوہ پیما اسٹیو روبنسن کی آخری تصاویر مل گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، نیوزی لینڈ کے ہوکر گلیشیئر ( Glacier Hooker) پر برفانی تودہ گرنے کے سبب ہلاک ہونے والے روبنسن کی
آخری تصویربھی شیئر کی گئی ہے، یہی نہیں حادثے میں گم ہونے والا کیمرہ بھی مل گیا ہے۔ شیئر کی جانے والی تصاویر 1997 میں برفانی تودے کا شکار ہونے سے قبل ان کے کیمرے سے لی گئی تھیں ، ایک تصویر میں کوہ پیما اسٹیو روبنسن کو لمبے اور گھنگھریالے بالوں میں بڑی سی مسکراہٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔رپوٹ کے مطابق، 24 سالہ کوہ پیما روبنسن اپنے دوست رچرڈ اسٹائلز کے ساتھ پہاڑ پر آرام کررہے تھے کہ اچانک بڑے سائز کا برفانی تودا گرا اور اسٹیو روبنسن حادثے کی زد میں آگئے۔اس حادثے میں رچرڈ اسٹائلز دوسری جانب سرک جانے کے باعث بچ گئے لیکن روبنسن اور ان کے بیگ کا نام و نشان بھی باقی نہیں رہا تھا تاہم اب کئی سالوں بعد غیر ملکی کوہ پیما کرس ہل کو ہوکر گلیشیئر سے ایک بیگ اور پرانا کیمرہ ملا ہے جس کے بعد کرس نے تحقیق کے لیے نیوز ی لینڈ پولیس سے رابطہ کیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر کیمرے سے لی جانے والی تصاویر کو شیئر کیے جانے کے بعد سارا معمہ حل ہوگیا۔