لاڑکانہ (این این آئی) گڑھی خدا بخش میں پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے قافلے پر حملہ کردیا گیا ۔ پی ٹی آئی کے مطابق سینیٹر سیف اللہ ابڑو جلسے میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ پیپلزپارٹی کے غنڈوں کی جانب سے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ جلسہ گاہ اور جلسہ کے منتظمین کے گھر پر بھی جیالوں کا حملہ اور توڑ پھوڑ کرکے شرکا کو زخمی کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنمائوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو جلسے سے قبل آگاہ کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو نے بتایا کہ میں جلسے میں شرکت کے لیے جارہا تھا،پولیس کو پیشگی اطلاع کے باوجود سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی، جلسہ گاہ میں توڑ پھوڑ کی گئی اور منتظمین پر تشدد کیا گیا،ڈکٹیٹروں کی پیداوار جماعت اپنا کردار ادا کررہی ہے۔