لاہور( این این آئی)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ٹیکس دہندگان کی حساس معلومات کے لئے حفاظتی اقدامات بارے آگاہی کیلئے وزارت خزانہ او رایف بی آرکوخطوط ارسال کردئیے ۔ بارایسوسی ایشن کے صدر جمیل اختر بیگ نے کہا کہ ایف بی آرکا کثیر لاگت بننے
والا ای ایف بی آر سسٹم 14اگست صبح 2بجے ہیک کر لیا گیا لیکن ایف بی آرکی جانب سے اس کی پردہ پوشی کی گئی ۔ایف بی آرکے ڈیٹاپر31لاکھ ٹیکس دہندگان کی خفیہ معلومات موجود ہیں ۔سسٹم پر ہیکرز کے حملے کے حوالے سے تاحال تفصیلات سامنے آئی ہیں اوراس حوالے سے ٹیکس دہندگان کو اعتماد دیا گیا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر خزانہ اورچیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر اداروں کو خطوط بھیج دیئے جس میں ان سے استفسار کیا گیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی معلومات کے لئے حفاظتی اقدامات بارے آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جن کے ذریعے سسٹم ڈویلپمنٹ کی گئی اور ای ایف بی آر سسٹم کو آپریٹ کرنے والے افسران کے خلاف پرووینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے تحت قانونی کارروائی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔یہ کیسے ہو سکتاہے کہ اتنی حساس معلومات کو کوئی بھی ہیک کر لے اور سب سے بڑھ کر اس پر متعلقہ ادارے کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔15روز گزرنے کے باوجود کسی افسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگی اگر حکومت نے کوئی نوٹس نہ لیا تو لاہور ٹیکس بار قانون کا سہارا لیتے ہوئے انکوائری کے لئے درخواست دے گی ۔