کراچی (این این آئی) کورونا کے پھیلا کو روکنے کے لئے حکومت سندھ نے ایک اور اہم اقدام اٹھایا ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمت کا حصول بھی کورونا ویکسین
سے مشروط کردیا گیا ہے، سرکاری ملازمت کی درخواست کے ساتھ کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمت کے لئے تحریری ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے تحت اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ آئندہ ماہ متوقع ہیں، آئی بی اے سکھر کے تحت ہونے والے تحریری ٹیسٹ میں ایک لاکھ سے زائد امیدوار شرکت کرینگے۔ذرائع نے بتایا کہ اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ہونے والے تحریری ٹیسٹ میں حصہ لینے والوں کو کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، دیگر صوبائی اداروں میں بھی بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ و انٹرویو میں کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔