لاہور( این این آئی )صوبائی دارالحکومت کے علاقے راوی روڈ میں جشن آزادی کی رات رکشے میں سوار خواتین سے بدسلوکی کرنے والے دو مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری سی آئی اے کے ہاتھوں
عمل میں آئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں حراست میں لیاگیا ہے ، زیرحراست ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی لوکیشن ٹریس اورفیس میچنگ کی جارہی ہے۔واضح رہے جشن آزادی کے روز رکشے میں موجود خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی ایک اور ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس میں اوباش نوجوان رکشے میں سوار خواتین کو ہراساں کرتے رہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اوباش نوجوانوں نے خواتین کو ہراساں کیا اور پیچھا کرتے رہے، اوباش نوجوان موٹر سائیکل سے اتر کر رکشے میں سوار ہوا اور خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی جبکہ رکشے میں سوار خواتین نے خود کو بچانے کے لیے جوتا تک اٹھایا، خواتین کے ساتھ رکشے میں بچہ بھی سوار تھا۔