اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہےکہ عمران خان کو جوڈیشنل کمیشن کی رپورٹ پر پارلیمنٹ میں آکر بات کرنا چاہیے ،چوہدری افتخار اور پرویز مشرف باہر بیٹھ کر طاقت کے بل پر بات کرنے کے بجائے عملی سیاست کا حصہ بنیں ۔ میڈیا سے گفتگو میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ عمران خان کو معافی مانگنے کی ضرورت نہیں، چودھری افتخار اور پرویز مشرف آنا چاہتے ہیں تو آکر عملی سیاست میں حصہ لیں انہیں پتہ چلے کہ سیاستدانو ں کی مشکلات ہوتی کیا ہیں ، باہر بیٹھ کر طاقت کے بل پر بات کرنا آسان ہوتا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ اگرعمران خان پیپلزپارٹی کا موقف انکوائری کمیشن لےجاتے تونتیجہ مختلف ہوتا،ہم نے دعا کی ہے کہ عمران خان سیاست میں واپس آجائیں۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ تمام اداروں کو اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے،رینجرز اپنی توجہ انسداد دہشتگردی پرمرکوزرکھے۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے چترال جانا چاہتے تھے خراب موسم کی وجہ سے دورہ ملتوی ہوگیا، موسم ٹھیک ہوتے ہی پیپلزپارٹی کا وفد چترال جائے گا۔