اسلام آباد(نیوزڈیسک) سچ کہتے ہیں مصیبت اکیلی نہیں آتی کپتان بھی ان دنوں تنازعات کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ پہلے ڈی جے بٹ نے واجبات نہ ملنے پر شور مچایا اور میڈیا سے لے کر بنی گالہ کے باہر احتجاج کیا ۔ خدا خدا کر کے یہ معاملہ نمٹا تو ا ب دھرنے میں ٹینٹ فراہم کرنے والے بنی گالہ کے سامنے سراپا احتجاج ہیں ۔ اشتیاق گجر کا کہنا ہے کہ 46 لاکھ روپے کرایہ بنتا ہے نہیں ملا ۔ نعیم الحق کی یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج ختم کر دیا۔ جوڈیشل کمیشن نے بھی کپتان کے ثبوتوں کو کافی نہیں سمجھا ۔ وکٹیں لینے کی بجائے کپتان خود ہی آؤٹ ہو گئے اور اب ہر طرف سے سیاسی مخالفین تنقید کے نشتر چلا رہے ہیں ۔ قومی اسمبلی میں بھی کپتان کا ایک اور امتحان شروع ہونے والا ہے ۔ صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلا یا ہے جس میں 8 ماہ تک غیر حاضر رہنے والے تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت پر ووٹنگ ہو گی ۔ ایوان فیصلہ دے گا کہ پی ٹی آئی والے ایوان میں بیٹھیں یا نہیں ۔ اس سے پہلے انہیں اپنی اہلیہ کی ڈگری کے تنازعے سے بھی گزرنا پڑا۔ پے درپے مشکلات کپتان کے اعصاب کا امتحان ہیں