لاہور( این این آئی)اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں تیسری بار اضافہ کر دیا گیا ،تین روز میں ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔چیئرمین ڈسٹری بیوٹر زایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ،ایل پی جی کی قیمت5روپے اضافے سے 175 روپے فی کلو،
گھریلو سلنڈر 50 روپے اضافے سے 2050 جبکہ کمرشل سلنڈ 200 روپے اضافے سے 7915 روپے پر پہنچ گیا ۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق آج18 جولائی کو لاہور میں کنونشن طلب کر لیا گیا ہے جس میں31 جولائی کو ملک گیر ہڑتال ، گوجرانوالہ کی طرف لانگ مارچ کے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کنونشن کے اختتام پر ایک بجے پریس کانفرنس اور ملک بھر میں ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور غیرمعیاری سلنڈرو کے خلاف روڈ مارچ کیا جائے گا۔دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں(او ایم سی)کی مجموعی سیلز میں گذشتہ مالی سال 2021 کے دوران 18فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ٹاپ لائن سیکورٹیز کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020میں کووڈ 19کی وجہ سے لاک ڈائونز کے نتیجہ میں او ایم سیز کی فروخت میں 12فیصد کمی ہوئی تھی تاہم گذشتہ مالی سال کے دوران معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے نتیجہ میں او ایم سیز کی فروخت 18فیصد اضافہ سے 19.4ملین ٹن تک پہنچ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران کاروں اور موٹر سائیکلز کی فروخت میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں کی تیز رفتار بحالی کے نتیجہ میں پٹرول کی فروخت میں 12فیصد اضافہ سے فروخت کاحجم 8.2ملین ٹن تک بڑھ گیا۔ اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت بھی مالی سال 2020کے مقابلہ میں
مالی سال 2021کے دوران 16فیصد اضافہ سے 7.7ملین ٹن تک پہنچ گئی جبکہ فرنس آئل کی فروخت میں بھی 53فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تجزیہ کار عمیر نصیر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جون 2020 کے مقابلہ میں جون 2021 کے دوران تیل کی مجموعی فروخت میں 15فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ اس دوران پٹرول کی سیلز میں 4فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا جبکہ فرنس آئل کی فروخت میں 176فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔