کراچی (این این آئی) شہر قائد میں بارش کے باعث 600 فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیزبارش کاسلسلہ جاری ہے، جس کے سبب بجلی کے 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔فیڈرزٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،
متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی، شادمان، ملیر ، سر جانی ، گڈاپ، کاٹھور ، گلشن معمار،گلشن ، اقبال، لانڈھی ،کورنگی،سعودآباد،پاپوش ، کلفٹن،لیاقت آباد،ناظم آباد ، سائٹ،نارتھ ناظم آباد،ایف بی ایریا،کیماڑی ،بلدیہ شامل ہیں۔دوسری جانب ترجمان کیالیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہرمیں بجلی کی فراہمی برقرار ہے، بلدیہ ،سرجانی،کلفٹن اورڈی ایچ اے کے کچھ حصے متاثرہیں جبکہ گڈاپ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ لگ بھگ 500 فیڈرزکی فراہمی متاثر ہے اور 1400فیڈرز آپریشنل ہیں ، بجلی کی بحالی کیلئے ٹیموں کو متحرک کردیاگیاہے اور دھابیجی میں بجلی کی فراہمی کو ترجیحی بنیاد پر بحال کیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب کے مشرق میں ہوا کا ایک کم دباو موجود ہے جس کے سبب مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہو رہی ہیں۔ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے تمام اضلاع میں 16 جولائی تک کہیں تیز اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ بالائی اور وسطی سندھ میں 17 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کے باعث زیریں علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے،جبکہ شہر کا درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔