لاہور( این این آئی )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )اور سوئی گیس کی ٹیم نے قصور پتوکی میں کامیاب کارروائی کر کے کئی سالوں سے بجلی اور گیس کی چوری پکڑ لی ،مذکورہ فیکٹری مبینہ طو رپر حکمران جماعت کے ایک رکن قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے کی
ملکیت بتائی جاتی ہے ،ایف آئی اے نے بجلی اور گیس چوری کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ۔تفصیلات کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر سوئی گیس اور ایف آئی کی مشترکہ ٹیم نے قصور سرائے مغل کے قریب مبینہ طو رپر حکمران جماعت کے رکن قومی اسمبلی اور ان کے صاحبزادے کی ملکیتی فیکٹری پر چھاپہ مار کر بجلی اور گیس چوری پکڑ لی ، بتایا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران ملازمین کی طرف ٹیم کے کام میں رکاوٹ ڈالی اور دھمکیاں بھی دیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دھمکیاں دینے والے ملازمین فرار ہوگئے ۔بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی طورپر ڈالی گئی 150 فٹ لمبی سوئی گیس پائپ لائن پکڑی گئی جس کو سوئی گیس کے گھریلو میٹر کے ساتھ جوڑ کر زیر زمین فیکٹری تک تک لیجایا گیا تھا ۔بجلی کی ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی بھی چوری کی جارہی تھی ۔ایف آئی اے نے بجلی اور گیس چوری کے دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے ۔