ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے کوالیفائنگ میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے، ہارنے والی ٹیم کے پاس آگے جانے کے لئے ایک موقع موجود ہے۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز کی
جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور شان مسعود نے کیا، آغاز کچھ اچھا نہ تھا، محمد رضوان تین گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے انہیں عاکف جاوید نے آئوٹ کیا، آٹھویں اوور میں شاداب خان نے شان مسعود اور ریلی روسو کو آئوٹ کر دیا، شان مسعود نے پچیس اور ریلی روسو کوئی رنز نہ بنا سکے۔ پندرہویں اوور میں فہیم اشرف نے چارلس کو آئوٹ کر دیا وہ 41 رنز بنا سکے۔ صہیب مقصود نے اچھی اننگز کھیلی اور انہوں نے 59 رنز بنائے لیکن انہیں فہیم اشرف نے آئوٹ کر دیا۔ خوشدل شاہ نے 22 گیندوں پر 42 رنز بنائے ان کی اس اننگز میں پانچ شاندار چھکے بھی شامل تھے، سہیل تنویر نے 12 رنز بنائے، اس طرح مقررہ اوورز میں ملتان سلطانز 180 رنز بنا سکی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عاکف جاوید نے ایک، فہیم اشرف اور شاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز کچھ اچھا نہ ہوا، کولن منرو کو سہیل تنویر نے اپنی دوسری ہی گیند پر بولڈ کر دیا، محمد اخلاق 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، شاداب خان کوئی رنز بنائے بغیر سہیل تنویر کو وکٹ دے کر واپس چلے گئے، افتخار احمد نے سولہ رنز بنائے اور ہمت ہار گئے، آصف علی ایک رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، عثمان خواجہ نے اچھی بیٹنگ کی لیکن وہ بھی 70 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔
حسن علی دس رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، اسلام آباد یونائیٹڈ کا مجموعی سکور ابھی 146 ہوا تھا کہ 18 اوور کی آخری گیند پر محمد وسیم 13 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 19 اوورز میں ہمت ہار گئی اور 149 رنز ہی بنا سکی۔ملتان سلطانز 31 رنز سے یہ میچ جیت گئی۔