اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرتجزیہ کار جنرل(ر) امجد شعیب نے نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سیاسی طور پر پاک فوج کادفاع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوٹ کیا جائے تو پی ٹی آئی کی حکومت نے آرمی کا دفاع
نہیں کیا حالانکہ ان کو کرنا چاہئے تھا۔ میں سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی بھی مطمئن ہے کہ اگر فوج کو دبا کر رکھا ہوا ہے اور ان کے کندھے سے کوئی کام کر رہا ہے تو اچھی بات ہے ۔میں نے نہیں دیکھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے فوج کے حق میں کوئی سخت موقف اپنایا ہو ، ہمیشہ آرمی نے ہی پی ٹی آئی کی حکومت کا ساتھ دیا اور امن و امان کی مشکل سے مشکل صورتحال میں بھی حکومت کا ساتھ دیا۔ جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ اپوزیشن کو میرٹ کے فیصلے سوٹ نہیں کرتے ، ماضی میں بھی انہوں نے کافی فیصلے اپنی مرضی سے کروائے، یہ لوگ اسی کے عادی ہے فائز عیسیٰ صاحب کے کیس میں بھی یہی ہوا۔قاضی فائز عیسیٰ نے بھی جو تقاریر کیں ان میں انہوں نے کہا کہ صحافت آزاد ہونی چاہئے اور اب وہ اسد طور کے ساتھ جا کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ جب حدیبیہ کا کیس تھا تو انہوں نے ہی منع کیا تھا کہ کوئی اخبار حدیبیہ کیس کے بارے میں کوئی خبر نہیں چھاپ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت آزادی صحافت کہاں تھی ، اس وقت فائز عیسیٰ نے ایسا کیوں کہا تھا ؟ قوم کو ایک چیز سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ سب ہماری قوم کا پیسہ تھا جو عدالت نے میاں صاحب کو بخش دیا۔