اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے محکمہ شہریت و قومی شناخت نے کہا ہے کہ پانچ زمروں کو چھ ماہ کا اقامہ ویزا جاری کیا جائے گا اور یہ ملٹی پل ہوگا۔ گولڈن اقامے کے اجرا کی کارروائی کے ویزے کی فیس 1150 درہم ہوگی۔ الامارات الیوم کے مطابق گولڈن
اقامہ جن پانچ زمروں کو دیا جائے گا ان میں پبلک انویسٹمنٹ میں سرمایہ کاری، منفرد کاروبار، غیر منقولہ جائیدادوں میں سرمایہ کاری اور خداداد اور منفرد صلاحیت کے مالک طلبہ شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے 2019 میں پانچ یا دس برس کے لئے طویل المیعاد اقامہ قانون جاری کیا تھا۔ اقامے میں توسیع خود کار نظام کے تحت مقررہ شرائط پوری کرنے پر ہو جاتی ہے۔ اس نظام کے تحت امارات میں مقیم غیرملکیوں اور امارات میں روزگار، رہائش اور تعلیم کے خواہش مند افراد اور ان کے اہل خانہ کو طویل المیعاد اقامہ جاری کیا جاتا ہے۔ اماراتی محکمے نے گولڈن اقامہ ویزے کا طریقہ کار اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیا ہے۔ پانچ نکاتی طریقہ کار کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔ چھان بین کے بعد کارروائی میں درخواست قبول یا مسترد کر دی جائے گی۔ اماراتی محکمے کا کہنا ہے کہ معلومات میں کمی یا مطلوبہ دستاویز نا مکمل ہونے کی صورت میں 30 دن تک جواب نہ ملنے پر درخواست مسترد ہوجائے گی۔ درخواست مسترد ہونے پر فیس واپس کردی جائیگی۔