اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران پاکستان میں منشیات کے استعمال میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور ہر سال 40ہزار افراد منشیات کے عادی ہورہے ہیں،پاکستان میں کوکین کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا
ہے جبکہ افغانستان میں پیدا ہونے والی منشیات کا30فیصد حصہ پاکستان میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔وزارت انسداد منشیات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں67ہزار لوگ منشیات کے عادی ہیں جن میں78 فیصد مرد اور22فیصد خواتین ہیں،15سال سے 65سال تک کے لوگ منشیات استعمال کرتے ہیں جبکہ انجکشن ڈرگز استعمال کرنے والوں کی تعداد90ہزار سے زائد ہے اور اب اس کی تعداد5لاکھ تک ہوچکی ہے،انجکشن ڈرگز کے استعمال سے30افراد ایچ آئی وی کا شکار ہوگئے ہیں۔پاکستان کے تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال زیادہ ہے،نوجوان لڑکیاں اور لڑکے منشیات زیادہ استعمال کرتے ہیں جبکہ ملک میں انسداد منشیات استعمال کرنے کا قانون بھی نہیں ہے،تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کو روکنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے۔افغانستان میں9ہزار ٹن پوست کاشت ہوتی ہے جس میں30فیصد پاکستان کے راستے سمگل ہوتی ہے ۔