لاہور (آن لائن) نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی انکوائری کے سلسلے میں الاٹ شدہ پلاٹوں کا ریکارڈ طلب کرنے پر ایل ڈی اے نے متعلقہ 17 پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پر آج سے 20 سال قبل لاہور کے علاقہ گارڈن ٹاؤن کے مختلف بلاکوں میں 17 پلاٹ غیر قانونی الاٹ کرنے کا الزام عائد ہے جس کے خلاف نیب لاہور نے انکوائری شروع کر رکھی ہے۔ نیب نے رواں سال جنوری میں ایل ڈی اے سے مذکورہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ
کاریکارڈ طلب کیا۔ تو ایل ڈی اے نے پھرتی دیکھاتے ہوئے بغیر کسی قانونی چارہ جوئی کے ان پلاٹوں کی ملکیت منسوخ کردی اور ایل ڈی اے کا عملہ مذکورہ پلاٹوں پر بنے گھروں کے مکینوں کو گھر خالی کرانے کے لئے پہنچ گیا۔ گارڈن ٹاؤن کے ان 17 پلاٹوں پر گزشتہ 20 سال سے لوگ رہ رہے ہیں۔ جن میں ایک ریٹائرڈ جج بھی شامل ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کی جانب سے ان کے گھر اچانک خالی کرانے کے حکم پر حیرانگی ہوئی جبکہ ایل ڈی اے نے اس سلسلے میں انہیں کوئی نوٹس جاری نہیں کئے تھے۔