مسقط(این این آئی )خلیجی سلطنت عمان نے کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر سوڈان اور لبنان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کا داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عمانی حکومت نے
جن ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عاید کی ہے، ان میں سوڈان ، لبنان ، برازیل ، جنوبی افریقا ، نائجیریا،تنزانیہ ، گھانا ، ایتھوپیا ، گنی اور سیرالیون شامل ہیں۔اگرکسی اور ملک سے تعلق رکھنے والے مسافر نے گذشتہ 14 روز کے دوران میں مذکورہ دس ممالک میں سے کسی ایک کا سفر کیا ہے تواس کو بھی سلطنت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ان ممالک سے آنے والے مسافروں کا جمعرات 25 فروری رات 12 بجے سے 15 روز تک داخلہ معطل رہے گا۔حکام کے مطابق مذکورہ ممالک کا سفر کرنے والے عمانی شہری ، سفارت کار ، طبی کارکنان اور ان کے خاندان سلطنت میں داخلے کی اس پابندی سے مستثنا ہوں گے۔وہ عمان میں تو داخل ہوسکیں گے،البتہ انھیں کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذالعمل تمام پابندیوں اور ضوابط کی پاسداری کرنا ہوگی۔