اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نائب چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن مجھے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے بتایا گیا کہ ہم آپ کو لانا چاہتے ہیں۔ میں نے اس بات کی مخالفت کی اور کہا کہ میں آنا نہیں چاہتا
کیونکہ میں ایک کاروباری آدمی ہوں اور مجھے بزنس کرنے میں مزہ آتا ہے، میں نہیں سمجھتا کہ میں سیاست کے لیے بنا ہوں اور نہ ہی مجھے سیاست کا شوق ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مجھے کافی مرتبہ کہا، دو دن کے بعد میری وزیراعظم عمران خان سے ملاقات طے تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے مجھ سے پوچھا کہ کیا تم آنے کے لیے تیار ہو؟ جس پر میں نے انہیں جواب دیا کہ میں بالکل تیار نہیں ہوں۔ انہوں نے وجہ پوچھی تو میں نے جواب میں انہیں بتایا کہ میں نے تو ایل ڈی اے کا دفتر بھی نہیں دیکھا کہ کہاں ہے ۔لہذا میں کسی ایسی جگہ نہیں جانا چاہتا جس کا مجھے علم ہی نہیں ہے کہ میں نے وہاں جا کر کرنا کیا ہے۔لیکن وہ اس بات پر قائل تھے کہ مجھے آنا چاہئے اور ان کے اصرار پر ہی میں نے اس بارے میں سوچا ۔ میں نے ان سے کہا کہ اگر آپ مجھے کہیں بھیجنا ہی چاہتے ہیں تو کسی سرمایہ کاری یا صنعتی شعبے میں بھیجیں۔ جب میں نے تین مرتبہ انکار کیا تو انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں مجھ سے پوچھا کہ کیا تم ڈر گئے ہو؟
جس پر میں نے ان سے کہا کہ اللہ کے علاوہ آج تک ڈرے تو کسی سے بھی نہیں۔جس کے بعد میں تیار ہو گیا تھا اور پھر مجھے نائب چیئرمین ایل ڈی اے بنا دیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران کو راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سرکاری ترجمان بھی مقرر کیا تھا اور نومبر 2020 میں اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جار ی کیا گیا تھا۔