لاہور( این این آئی)جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اویس شاہ نورانی نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد پہنچنے سے پہلے استعفیٰ شاہ محمود قریشی کی جیب میں رکھ دو اور گھر جائو ،لاہور کا جلسہ اس بات کی گواہی دیتا ہے پاکستان کی غیور قوم او رجمہوریت پسند لوگ کسی بھی ڈکٹیٹر کو اور کسی آمرانہ سوچ کو اس ملک کے اندر نہیں چلنے دیں گے۔ مینار پاکستان پر پی ڈی ایم
کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 72سال گزرنے کے بعد آج بھی پاکستان کی جمہوری قوتوں نے اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا ، اتنا عرصہ گزرنے کے بعد تم مفتی محمود کی سوچ کو روند نہیں سکے ، مولانا نورانی ، ذوالفقار علی بھٹو کی فکر او رسوچ کو نہیں روک سکے۔ وہ لوگ جو اقتدار کی حوس میں ملک توڑ دیتے ہیں ان کا یوم احتساب ہو کر رہے گا۔ عمران خان اسلام آباد پہنچنے سے پہلے استعفیٰ شاہ محمود قریشی کی جیب میں رکھ دو او رگھر جائو ورنہ تمہیں نوچ کر کھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ خالی عمران خان کا احتساب نہیں ہوگا جنہوں نے چھپ چھپ کر گلی محلوں میں دکانیں کھولی ہیں ان کا بھی احتساب ہوگا ،دبئی میں بیٹھے ہوئے بھگوڑے کا بھی احتساب ہوگا ،احتساب پی ڈی ایم نہیں لے گی بلکہ یہ احتساب کا عمل بائیس کروڑ عوام لے گی اور فیصلہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ بہت تماشے اس ملک میں رائج کئے گئے ۔پی ٹی آئی کے لوگ چھپ چھپ کر پی ڈی ایم کے جلسوں میں آرہے ہیں، انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ چھپ چھپ کر آنے کی بجائے علی الاعلان پی ڈی ایم کے جلسوں میں شامل ہو کر پی ٹی آئی او راس کے چیئرمین کے خلاف بغاوت کر دو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار کی جنگ نہیں ہے یہ جنگ آئین کے حق حکمرانی کی جنگ ہے اور تاریخ اٹھا کر دیکھ لو اس جنگ میں صرف عوام جیتے ہیں ۔ ٹھاٹھیں مارتے سمندر کے سامنے تمہار اقتدار بہہ جائے گا ۔ ہم احتساب کرنے آئے ہیں ۔ا نہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وعدہ کرو اسلام آباد آئو گے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جب بھی اعلان کریں گے عوام جوق در جوق تاریخی سفر میں شامل ہو کر اسلام آباد پہنچیں گے۔