لاہور(این این آئی) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کے موقع پر جیب کتروں نے فوٹو گرافر سمیت کئی لوگوں کی جیبوں کا صفایا کردیا، ایک کوقابو کر لیا گیا جبکہ ایک فرار ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ شریف برادران کی والدہ کی نماز جنازہ میں رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جیب تراشوں نے وارداتیں کیں۔ نماز
جنازہ کی کوریج کے لئے موجود قومی خبر رساں ادارے ”این این آئی“کے فوٹو گرافر عابد حسین اور نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آنے والے کئی لوگوں کی جیبوں سے موبائل فون اور نقدی نکال لی گئی۔اس موقع پر ایک جیب تراش کو پکڑ کر درگت بنانے کے بعد رائے ونڈ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پکڑے گئے جیب تراش کے مطابق اس کا ایک ساتھی وہاں سے فرار ہو گیا۔