کراچی (این این آئی) نجی اسکولوں نے سندھ حکومت کے احکامات نظر انداز کر دیئے ہیں۔ اسکول میں تدریسی عمل پر مکمل پابندی کے باوجود طلبا کو اسکول آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر سے 15 دسمبر تک
طلبا کے امتحانات لئے جائیں گے۔ طلبا کو ہدایت دی گئی ہے کہ گھر کے کپڑوں میں آئیں اور جینز اور جیکٹ پہنیں۔ طلبا سے کھلی جگہ میں امتحان لیا جائے گا۔انتظامیہ کی جانب سے اسکول میں والدین کو زیادہ رش نہ لگانے اور اسکول بیگ کے بجائے صرف جیومیٹری باکس لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اگر والدین چاہیں تو اپنے بچے کے ساتھ اسکول میں بیٹھ سکتے ہیں۔حکومتی اعلان کے مطابق ہفتے میں صرف ایک دن طلبا کو ہوم ورک دینے کے لئے اسکول آنے کی اجازت ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول میں امتحان لینے اور پڑھانے پر مکمل پابندی ہے۔