اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کابینہ میں تبدیلی کا امکان ،صوبائی کابینہ میں کچھ نئے چہرے شامل کیے جائیں گے اور کچھ وزرا سے وزارتیں واپس لیے جانے کا بھی امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹک سے رکن صوبائی اسمبلی یاور بخاری کو پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔
انہیں وزارت قانون، وزارت داخلہ یا لوکل باڈیز میں سے کوئی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔یاور عباس بخاری پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو کے چیئرمین بھی ہیں، یاور عباس بخاری حلقہ پی پی 1 اٹک سے منتخب ہوئے تھے۔یاور بخاری، وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری کے تایا زاد بھائی ہیں اور وہ 2013 کے الیکشن میں بھی تحریک انصاف کے ایم پی اے منتخب ہوچکے ہیں،ذرائع کے مطابق یاور عباس بخاری کے علاوہ نواب غزین عباسی، مسرت چیمہ کو کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔نواب غزین عباسی کا تعلق بہاولپور کے حلقہ پی پی 253 سے ہے،ذرائع کے مطابق خاتون ایم اپی اے مسرت جمشید چیمہ کا بھی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ پی ٹی آئی رہنما جمشید چیمہ کی اہلیہ ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون راجہ بشارت سے واپس لی گئیں وزارتیں بھی دوسرے وزرا کو دی جائیں گی۔ راجہ بشارت کے پاس بلدیات کی اہم وزارت بھی ہے۔اسکے علاوہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کی وزارتیں بھی دوسرے وزرا کو سونپی جائیں گی جبکہ کابینہ میں کچھ وزرا سے کارکردگی کی بنیاد پر وزارتیں واپس لیے جانے کا بھی امکان ہے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔