اسلام آباد( آن لائن ) اسلام آباد ڈائرکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسن عروج نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا ‘صحت مند شہر’ قرار دینے اور اسے دنیا بھر کے صحت مند شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے مطالعہ کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہو ںنے ایک تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اسلام آباد ڈائرکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کے
ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسن عروج نے ایک تقریب میں کہا کہ اسلام آباد عالمی ادارہ صحت کے صحت مند شہر پروگرام میں رجسٹرڈ ہے اس پروگرام میں اب تک 40 شہروں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے اور 15 کو ‘صحت مند شہر’ قرار دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘عالمی ادارہ صحت نے اس کا جائزہ لینے کے لیے ایک مطالعہ کیا ہے کہ آیا شہر صحت مند شہر بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، مطالعے کے دوران کسی تیسرے فریق کے ذریعے متعدد اشاروں کا جائزہ لیا جائے گا، ان میں اسلام آباد میں ماں اور بچوں کی صحت کا جائزہ، معذور افراد کے لیے سہولیات، اداروں کا کام، صحت، پانی کا معیار، حفظان صحت، ماحولیات وغیرہ کو بینچ مارک قرار دیا گیا ہے صحت مند شہر کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے ڈبلیو ایچ او 4 سالوں میں سروسز کا جائزہ لے گا۔انہوں نے بتایا کہ ‘بِیس لائن مطالعے میں یہ بتایا گیا ہے کہ انسانی وسائل اور کچھ تکنیکی مسائل کا مسئلہ ہے تاہم یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ اداروں میں قیادت موجود ہے لہذا معاملات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، آسان الفاظ میں شہر کو اس کے باشندوں کے ساتھ ہم آہنگ بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں صحت مند شہر کا سرٹفکیٹ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی اور اس کے لیے پانی کے معیار، متعدی بیماریوں پر قابو پانے، عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی وغیرہ کے مسائل کا سامنا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں، انہوں نے کہا کہ تہران اور شارجہ کو صحتمند شہر قرار دیا گیا ہے اور اسلام آباد میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ پاکستان کا پہلا ایسا شہر بنے۔