لاہور( آن لائن )محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام یا رات کے دوران بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور اور صوبہ پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تا ہم بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش دیر میں9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سبی تربت سکھر نواب شاہ نور پور تھل اور خانیوال میں39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ منگل کولاہورمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب77 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں لاہور سمیت بالائی پنجاب میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔