اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر ساجد گوندل کو پیر تک بازیاب کرنے کا حکم دے دیا پیر کے دن دو بجے تک ساجد گوندل بازیاب نہ ہوئے تو سیکرٹری داخلہ خود پیش ہوں۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کی ۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چیف کمشنر بھی عدم بازیابی کی صورت میں عدالت پیش ہوں ۔ساجد گوندل کی والدہ،اہلیہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں پیش ہوئے مغوی کی والدہ نے عدالت میں بیان دیا کہ میرے بیٹے کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ پارک روڈ سے بیٹے کو اغوا کیا گیا، اغوا کار گاڑی وہیں چھوڑ گئے ۔دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد سے شہری کو اس طرح اغوا کیا جانا انتہائی تشویشناک ہے ۔عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے بھی رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر ساجد گوندل بازیاب نہ ہوں تو کابینہ کی آئندہ میٹنگ میں معاملہ رکھا جائے اور اس کے ساتھ عدالتی حکمنامے کی کاپی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو بھیجنے کا حکمْ بھی دیا۔ یاد رہے کہ ایس ای سی پی کے افسر ساجد گوندل جمعرات کو لاپتہ ہوئے تھے اور جمعہ کو ان کی والدہ نے بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔