اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی میٹرو بس کے ملازمین نے احتجاجاً بس سروس بھی روک دی ۔
میٹرو بس کی انتظامیہ نے احتجاجی ملازمین کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو طلب کر لیا۔پولیس نے مظاہرین کو میٹرو بس ٹریک سے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس انتظامیہ کی ہدایت پر کارروائی کریں گے اور جو بھی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔دوسری جانب میٹرو بس اتھارٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹرو بس اتھارٹی نے نجی کمپنی کو جون تک کی ادائیگیاں کررکھی ہیں اور کرونا کے باعث بندش کے دوران کتنے ملازمین تعینات رہے، اس حوالے سے تفصیلات بھی طلب کررکھی ہیں۔معمولی تعطل کے بعد اب آپریشن بحال ہے جب کہ نجی کمپنی کو ملازمین کی تنخواہوں کا ایشو حل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔