اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے روبرو پیش ہونے کے بعد پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئیں،نجی ٹی وی کے مطابق مریم نوازپارلیمنٹ لاجز میں ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کی رہائشگاہ میں پہنچ چکی ہیں۔
جہاں وہ ظہرانہ کریں گی ، مریم اورنگزیب نے مریم نواز کو ظہرانے کی دعوت دی تھی ۔اس سے پہلے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ہائیکورٹ پیشی پر وکلاء اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ منگل کو سیکرٹری ہائیکورٹ بار نے معاملہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سامنے اٹھا دیا ۔چیف جسٹس کی عدالت میں اسلام آباد بار کے سیکرٹری سہیل چوہدری پیش ہوئے اور کہاکہ اسلام آباد انتظامیہ مکمل ناکام ہو چکی ،وکلا ڈیڑھ کلومیٹر پیدل سفر کر کے ہائیکورٹ آرہے ہیں۔ سیکرٹری ہائیکورٹ بار نے کہاکہ سائلین کو روکا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ میں ایگزیکٹو نہیں ہوں ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ انتظامیہ کا کام ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھے ۔سیکرٹری ہائی کورٹ بار نے کہاکہ وکلاء کو عدالت آنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، وکلاء کی عدم موجودگی پر عدالت کوئی ایڈورڈ آرڈر جاری نہ کرے ۔چیف جسٹس نے کہاکہ کوئی ایڈورس آرڈر جاری نہیں ہوگا ۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سیکرٹری ہائیکورٹ بار کی درخواست پر حکم دیا۔