اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے راول ڈیم کے کنارے نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر کے خلاف کیس پر سماعت کے دور ان آئندہ سماعت تک نیوی سیلنگ کلب پر حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے کیس کی سماعت 9ستمبر تک ملتوی کردی۔
بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے راول ڈیم کے کنارے نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر کے خلاف کیس پر سماعت کی۔ پاکستان نیوی کی جانب سے عدالت میں تحریری جواب جمع کرادیا گیا، دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ بولے یہاں پر امیر اور غریب کیلئے دوہرا قانون ہے،نیچے سے لیکر چیئرمین تک سب طاقتور کا ساتھ دے رہے ہیں، سی ڈی اے کھوکھوں اور ڈھابوں کو بنا نوٹس مسمار کردیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نیوی سیلنگ کلب کمرشل مقاصد کے لیے تعمیر کیا گیا۔ نیول چیف کے وکیل اشتر اوصاف نے موقف اپنایا کہ کلب کی بندش سے نقصان ہورہاہے تاہم عدالت نے حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت تک نیوی سیلنگ کلب پر حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے کیس کی سماعت 9ستمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پرکو دلائل دینے کی ہدایت کردی۔