اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیمبرج کا مسئلہ حل کرتے ہوئے طلبہ کیلئے جلد نئے گریڈز کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اے اور او لیول کے طلبا و طالبات نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
طلبہ کے مطابق گریڈ جاری کرنے کے لیے طلبہ کی تعلیمی قابلیت جانچنے کا جو معیار ہے اس میں خامیاں ہیں جس کے باعث 60 فیصد طلبہ کو کم گریڈ جاری کیے گئے اس سلسلے میں ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہماری انتھک کوششیں رنگ لے آئیں، کیمبرج نے فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں کی جانب سے پیش کردہ گریڈ سے کم گریڈ نہیں دے گا اور کیمبرج جلد ہی نئے گریڈز کا بھی اعلان کرے گا۔ کیمبرج نے اعلان کیا ہے کہ جون 2020 میں دیے جانے والے گریڈز اسکولوں کے تجویز کردہ گریڈ سے کم نہیں ہوں گے، گزشتہ ہفتے دیے جانے والے نتائج میں جہاں حاصل کردہ گریڈ تجویز کردہ گریڈ سے زیادہ ہوئے، وہاں بڑا گریڈ لاگو ہوگا۔کیمبرج کے مطابق نئے گریڈز جلد ہی یونیورسٹیوں اور داخلہ دینے والے اداروں کو ارسال کیے جائیں گے، نئے گریڈز کیمبرج انٹرنیشنل ڈائریکٹ پر بھی پوسٹ کیے جائیں گے۔