کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے شہر میں بل بورڈ گرنے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ کراچی کو ہر کوئی تباہ کررہا ہے لگتا ہے حکومت اور میئر کی شہریوں سے دشمنی ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں شہر میں بل بورڈ گرنے کے معاملے کی سماعت جاری ہے جس سلسلے میں میئر کراچی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، کمشنر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس پاکستان نے شہر میں بل بورڈز گرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کے الیکٹرک کے سی ای او کو فوری طلب کرلیا۔کمشنر کراچی نے اس معاملے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ ہم نے مقدمہ درج کرلیا۔چیف جسٹس پاکستان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پورے شہر میں بل بورڈ لگےہوئے ہیں، ہر جگہ آپ کو بل بورڈز نظر آئیں گے، اگر یہ بل بورڈ گر گئے تو بہت نقصان ہوگا، آپ کو مکانوں پر بل بورڈز نظر آئیں گے، عمارتوں پر اتنے بل بورڈز لگےہیں کہ کھڑکیاں بند ہوگئی ہیں، مکانوں پربل بورڈ کی وجہ سے ہوا ہی بند ہوگئی ہے ، یہ تو قانون کی خلاف ورزی ہے، حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں ہے۔