اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ چوروں سے نجات قوم کا مقدر ہے، عمران خان وسیلہ ہیں، عمران خان نے رائیونڈ اور سندھ کے چوروں سے بیک وقت قوم کی جان چھڑائی، پرچی چیئرمین کی پریس کانفرنس کے بعد بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے۔
فرزند زرداری کی گفتگو نے واضح کردیا کہ سارے چور ملکر احتساب سے بچنے کیلئے زور لگاؤ کا نعرہ لگانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ نیب یا نیب قانون پر نہیں انہیں چوری اور ڈاکہ زنی کے بارے میں سوالات پر اعتراض ہیں، کرپشن بچابے کیلئے پارلیمان کو استعمال کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو سوائے شرمندگی کے کچھ حاصل نہ ہوگا۔مراد سعید نے کہاکہ پرچی چیئرمین اسامہ بن لادن سے پیسے لیکر بی بی کیخلاف سازش کرنے والوں کیساتھ محبتیں بڑھائیں مگر ہمیں نہ ڈرائیں، بدعنوانوں کا کوئی اتحاد یا حزب اختلاف کی کوئی کانفرنس احتساب پر اثرانداز نہیں ہوسکتی، وباء کی ابتداء سے آج تک بدترین کارکردگی کا مظاہرہ اس صوبے نے کیا جہاں پرچی چیئرمین کی جماعت کی حکومت ہے۔مراد سعید نے کہاکہ سندھ میں کروناء کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرز بیماری کا شکار ہونے کے بعد وینٹیلیٹرز فراہم نہ کئے جانے کے باعث جاں بحق ہوئے۔انہوںنے کہاہک سندھ میں ٹڈی دل فصلوں پر تو پیپلز پارٹی صوبائی وسائل پر ہاتھ صاف کرتی رہی، پاکستان میں کرپشن کے ہر بڑے مقدمے میں زرداری براہِ راست یا اپنے کسی کارندے کے ذریعے ملوث ہیں، یہاں وہاں بھاگنے سے کام نہیں چلے گا، پرچی چیئرمین سامنے آئیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی کردیں گے۔مراد سعید نے کہاکہ کرپشن کا حساب لیں گے اور سیاسی شرارتوں کا بھرپور جواب دیں گے۔