اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے سزا یافتہ ایجنٹ اور دہشتگردانہ کارروائیوں کا اعتراف کر نے والے کمانڈر کلبھوشن یادیو کو تیسری مرتبہ قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا۔جمعہ کو دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو تیسری مرتبہ قونصلر رسائی دینے کے حوالے سے بھارت کو رسمی طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس کو سیکیورٹی اہلکاروں کے بغیر قونصلر رسائی دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بتایا کہ قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ جذبہ خیر سگالی کے طور پر کیا گیا اور اس سلسلے میں بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔خیال رہے گزشتہ روز ہی پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو کلبھوشن تک رسائی دی تھی تاہم سفارت کاروں نے اس کی ایک نہ سنی اور چلے گئے۔