راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی میں کورونا وباء کو قابو کرنے کے لیے انتظامیہ نے مزید 8 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا باضابطہ فیصلہ کرلیا، 30 جون سے اگلے 10 روز تک سمارٹ لاک ڈاون کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی سے جاری شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق مزید 8 گنجان آباد علاقوں کے مختلف حصوں کو 30 جون سے اگلے دس روز کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن
کے تحت سیل کردیا جائے گا، نوٹیفیکیشن کے مطابق گزار قائد، خیابان سرسید، ڈھوک علی اکبر، کوٹہ کلاں، مورگاہ، ننکاری بازار اور باڑہ مارکیٹ کے مختلف حصوں کو 30 جون سے اگلے 10 روز کے لیے سیل کردیا جائیگا، سمارٹ لاک ڈاون کا مقصد کورونا کیسز میں اضافہ کو روکنا ہے، راولپنڈی میں پہلے ہی 22 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون ہے جو 30 جون رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔