کراچی (این این آئی) سندھ اسمبلی ارکان کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔بجٹ سیشن میں شریک ایک اور رکن کوروناوائرس کا شکار ہوگئے ۔پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج حسین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ گزشتہ کئی روز سے سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شریک تھے ۔اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی متنبہ کرچکے ہیں کہ سندھ اسمبلی کورونا وائرس کا خطرناک زون ہے۔ اب تک سندھ اسمبلی کے26سے زائد ارکان
کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔سندھ اسمبلی کے حالیہ سیشن میں شریک ہونے والے یہ دوسرے رکن ہیں جو کورونا کا شکار ہوئے ۔ ارسلان تاج کا کہنا ہے کہ تین روز سے کورونا وائرس کی علامات محسوس کررہاتھا، وائرس کی تصدیق کے بعد خودد کوقرنطینہ کرلیا ہے۔سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اکثر ارکان ایس اوپیز پر عمل نہیں کررہے ،ماسک اور سماجی فاصلوں کا خیال نہ رکھنے پر سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ انہیں انتباہی خط بھی لکھ چکا ہے۔