اسلام آباد (این این آئی)ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاہے کہ اسامہ بن لادن کو شہید قرار دے کر عمران خان نیشنل سیکیورٹی تھریٹ بن چکے ہیں۔ اپنے بیان میں ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اگر اسامہ بن لادن شہید ہے تو القاعدہ کے حملوں میں شہید ہونے والے ہمارے فورسز کے جوان اور شہریوں کا درجہ کیا ہوا ؟
۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہاکہ القاعدہ نے حملے کر کے ہمارے ہزاروں جوان اور شہری شہید کئے ، عمران خان نوجوان نسل کو کیا سبق دینا چاہتے ہیں؟ ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے آج پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر خود کو طالبان خان ثابت کیا ہے ، عمران خان اور طالبان کا گٹھ جوڑ ان کے جلسوں سے بھی ظاہر ہوتا رہا ہے ،یہ وہی ہیں جو طالبان کے پاکستان میں دفاتر کھولنے کا مطالبہ کرتے رہے۔