اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزراء کو 6 ماہ دئیے ہیں کسی اور نے نہیں دئیے۔ایک انٹرویومیں وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم کا مطلب تھا کہ وزراء اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ورنہ 6 ماہ بعد انہیں تبدیل کردیا جائیگا۔
شبلی فراز نے کہا کہ 6 ماہ بعد ہمارے ڈھائی سال رہ جائیں گے، وزیراعظم نے سنگِ میل دیا کہ مڈ ٹرم سے پہلے ہمیں کام ختم کرلینے چاہئیں، وزیر اعظم نیک نیتی سے ملک کو چلا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جتنے بھی وزراء ہیں ایک ٹیم کے طور پر سامنے آئے ہیں، اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے ،ہم اتفاق نہ کریں تو تنقید بھی کرتے ہیں،کابینہ ہو یا پارٹی ہم مضبوطی سے کھڑے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ اعتراضات والی بات پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں ہونی چاہیے، ہر کسی کے گلے شکو ے ہوتے ہیں لیکن لیڈر حالات کے تناظر میں دیکھتا ہے، ارکان اسمبلی کو تحفظات کااظہار باہر نہیں کرنا چاہیے، اتحادیوں کیسارے وعدے ایک وقت میں پورے نہیں ہوسکتے، وسائل اتنے کم ہیں کہ ساری چیزیں ایک وقت میں نہیں کرسکتے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم 18،18گھنٹے کام کرتے ہیں اور اہم مواقع پر ایوان میں آتے ہیں، اپوزیشن لیڈرکو بھی ایوان میں آناچاہیے۔