اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں سزا یافتہ بانی ایم کیو ایم،سابق رکن رابطہ کمیٹی محمد انور اور افتخار احمد کو پاکستان کے حوالے کرنے کے لئے برطانیہ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کی مصدقہ نقل،اٹارنی جنرل آف پاکستان کا خط اور وزارت داخلہ سے حوالگی دستاویزات برطانیہ بھیجی جائیں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم لندن کے بانی الطاف حسین،رابطہ کمیٹی کے سابق رکن محمد انور اور افتخار احمد کی حوالگی
کے لئے برطانیہ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت نے18جون کو عمران فاروق قتل کیس میں دیگر ملزمان کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں موجود بانی ایم کیو ایم،سابق رکن رابطہ کمیٹی محمد انور اور افتخار احمد کو عمرقید وجرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کی مصدقہ نقل،اٹارنی جنرل آف پاکستان کے خط اور وزارت داخلہ کی دستاویزات کے ہمراہ برطانیہ بھیجی جائیں گی اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں مفرور مجرمان کی حوالگی کا مطالبہ کیا جائے گا۔