نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی ائیرفورس کی لداخ میں غیرمعمولی پروازوں پر بھارتی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا، بھارت ائیرفورس کے چیف کا کہنا ہے کہ چینی پیپلز لیبریشن ائیرفورس نے لداخ کے قریب فوجی ہوائی اڈوں پر مزید لڑاکا طیارے اور فورسز تعینات کردی ہیں جس پر بھارت کو تشویش لاحق ہے۔ بھارتی ائیرفورس کے چیف نے کہا کہ چین گلوان اور لداخ کے قریب فضائی فورس کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے اورچین کی جانب سے غیرمعمولی نقل و حرکت بھی جاری ہے جس سے بھارت آگاہ ہے۔دوسری جانب بھارت نے اپنی فضائیہ کو
شمالی اور مغربی سرحد پر ہائی الرٹ کر دیا، چین کیساتھ ہونے والی حالیہ سرحدی جھڑپوں کے بعد بھارت کے تمام جنگی طیاروں کو ہائی آپریشنل الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لداخ کے محاذ پر چینی فوج سے مار کھانے کے بعد بھارت اس وقت شدید خوف میں مبتلا ہے اور اسی باعث تمام جنگی طیاروں کو ہائی آپریشنل الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی جنگی طیاروں کو سرحدی علاقوں میں پروازیں کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ کشیدہ صورتحال کے بعد بھارتی فضائیہ کے چیف نے بھی لداخ اور دیگر سرحدی محاذوں کا دورہ بھی کیا ہے۔