نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ایک روز میں 10 ہزار 965 کا اضافے ریکارڈ ہوا جس کے بعد وہ برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا میں چوتھے نمبر پر آگیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل بلرام بھارگوا نے بتایا کہ ایک ارب 30 کروڑ سے زائد کی آبادی والے ملک بھارت میں دو ماہ کے لاک ڈاؤن کے دوران وائرس کی منتقلی کم دیکھی گئی تھی
تاہم عوام کو اب بھی خطروں کا سامنا ہے اور وائرس کے خلاف مہم مہینوں تک جاری رہ سکتی ہیں۔بھارت میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا نفاذ مارچ کے آخر میں ہوا تھا تاہم اس کے بعد اس میں نرمی کردی گئی اور اب اسے زیادہ متاثرہ علاقوں میں نافذ کیا جارہا ہے۔بھارت کی جانب سے دکانوں، شاپنگ مالز، فیکٹریوں اور مذہبی مقامات کو دوبارہ کھولنے کی اجازت ملنے کے بعد کیسز میں تیزی سامنے آرہی ہے تاہم ملک بھر میں سب ویز، اسکولز، کالجز اور سینما گھر اب بھی بند ہیں۔بھارت کے وزارت صحت کے مطابق مذکورہ کیسز میں اضافے کے بعد بھارت میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 535 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 8 ہزار 498 افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد میں 396 کا اضافہ ہوا ہے۔بھارت کی تصدیق شدہ کیسز کی تعداد اب صرف امریکا، برازیل اور روس سے پیچھے ہے۔بلرام بھارگوا نے کہا کہ شہروں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے تاہم دیہی علاقوں میں بھی انفیکشن میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’شہروں سے ملازمت سے محروم ہونے کے کئی لوگ اپنے آبائی علاقوں میں واپس گئے ہیں جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں بھی اس وائرس کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ بھارت میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا نفاذ مارچ کے آخر میں ہوا تھا تاہم اس کے بعد اس میں نرمی کردی گئی اور اب اسے زیادہ متاثرہ علاقوں میں نافذ کیا جارہا ہے۔