نئی دہلی (آن لائن) لاک ڈاؤن کے باوجود انڈیا میں چین کے خلاف علامتی مظاہرے کئے گئے ۔ بھارتی خبر رساں ادرے کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں میں چند لوگوں نے مل کر لداخ کی وادی گالوان میں انڈیا اور چین کے فوجیوں کے درمیان مہلک تصادم اور کم از کم 20 بھارتی
فوجیوں کے مارے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔انڈیا کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت میں ایک چین مخالف مظاہرہ کیا گیا جس میں چینی صدر کی تصاویر نذر آتش کیا گیا اور چین مخالف نعرے لگائے گئے۔مقامی گروپ ‘سنسکرتی بچاؤ منچ’ یعنی تہذیب بچاؤ فورم کے اراکین نے اس میں شرکت کی اور انھوں نے بھروے رنگ کے لباس پہن رکھے تھے۔انھوں نے چین کے خلاف اور بھارت کے حق میں نعرے لگائے اور انھوں نے چین میں بنی مصنوعات کے بائیکاٹ کے پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے۔اسی طرح ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم ‘مددگار پریوار’ تنظیم کے اراکین نے چین کے خلاف مظاہرہ کیا۔اسی طرح بدھ کے روز دہلی کے تین مورتی پولیس سٹیشن کے پاس چین کے خلاف علامتی مظاہرے کی کال دی گئی ہے۔ اور یہ کال ہندو سخت گیر تنظیم سودیشی جاگرن منچ کی جانب سے دی گئی ہے۔