اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے ٹڈی دل کے لیے مختص کیے گئے 60 کروڑ میں سے 22 کروڑ کی گاڑیاں خرید لیں،معروف اینکر کامران خان کا انکشاف،تفصیلات کے مطابق فنڈز اور انتظامی معاملات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے والی سندھ حکومت کی جانب سے ایک اور حیرت انگیز کارنامہ سرانجام دیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے بعد خطرناک قرار دیے گئے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے مختص کیے گئے 60 کروڑ میں سے22 کروڑ روپے کی 29 نئی ڈبل کیبن فور وہیل، 11 سنگل کیبن ہائی لیکس گاڑیاں خریدی ہیں۔نجی ٹی وی پروگرام میں معروف اینکر کامران خان نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے نئی نویلی گاڑیوں کی اتنی بڑی کھیپ خریدتے ہوئے ٹڈی دل سے نمٹنے کی لیے پہلی ابتدا کا آغاز کر دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کے ٹڈی دل سے نمٹنے کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنانے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اٹھایا گیا قدم ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کتنا موثر ہے یہ تو اب 22 کروڑ روپے سے خریدی گئی گاڑیوں کے فرانزک آڈٹ سے ہی ثابت ہو گا، کیوں کہ بلاول بھٹو زرداری اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے متعدد تقریریں کر چکے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا اس اقدام سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹڈی دل نے پنجاب سمیت سندھ کے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، تاہم 18ویں ترمیم کے بعد بھی اس طرح کی آفت سے نمٹنا وفاقی حکومت کا کام ہے، پاکستان کے کونے کونے میں ٹڈی دل پہنچ رہا ہے لیکن وفاق کی جانب سے اس کے تدارک کے لیے ایک جہاز بھی نہیں بھیجا گیا اور نہ ہی وفاقی حکومت کی جانب سے اس قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔