نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) ہاتھ چوم کر کورونا وائرس کا علاج کرنے والا خود ساختہ بابا خود ہی کورونا وائرس کا شکار ہو کر دنیا سے چل بسا، بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیاپردیش کے شہر رتلام کے رہائشی اس بابے کا نام اسلم تھا، اس کے مرید اسے اسلم بابا کے نام سے پکارتے تھے۔کورونا وائرس کی وباء کے دوران اس خود ساختے بابا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہیں جن میں وہ اپنے مریدوں کے ہاتھ چوم رہا تھا اور اس نے دعویٰ کر رکھا تھا کہ وہ ہاتھ چوم
کر کورونا کا علاج کر سکتا ہے۔اسلم بابا میں تین جون کو کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی اور اس کی اگلے ہی روز اس موذی وائرس سے موت بھی ہو گئی۔ رتلام کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گورو تیواری نے کہا کہ اسلم بابا کے ہاتھ چومنے سے کورونا وائرس لاحق ہوا اور اس نے لوگوں کے ہاتھ چوم چوم کر آگے 50سے زائد لوگوں کو یہ موذی وائرس منتقل کیا۔ اسلم بابا کی موت کے بعد اس کے سینکڑوں مریدوں کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے اور ان کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔