واشنگٹن(این این آئی)نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں غربت کی لکیر سے نیچے موجود افراد کی تعداد ایک بلین سے تجاوز کر سکتی ہے، وبا دنیا کے غریب ترین طبقے کی آمدنی میں یومیہ بنیادوں پر پانچ سو ملین ڈالر کی کٹوتی کا سبب بن رہی ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کنگز کالج لندن اور آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے ایک تازہ مطالعے میں بتایاگیاکہ یہ وبا دنیا کے غریب ترین طبقے کی آمدنی میں یومیہ بنیادوں
پر پانچ سو ملین ڈالر کی کٹوتی کا سبب بن رہی ہے۔ اسٹڈی میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ وبا کے اقتصادی نقصانات سے سب سے زیادہ جنوبی ایشیائی ممالک متاثر ہوں گے جن میں بنگلہ دیش، بھارت، انڈونیشیا اور پاکستان شامل ہیں۔ روزانہ کی بنیادوں پر 1.90 ڈالر یا اس سے کم کمانے والوں کو غربت کی لکیر سے نیچے قرار دیا جاتا ہے، جن کی موجودہ تعداد سات سو ملین ہے اور پیشنگوئی کی گئی ہے کہ وبا کے باعث یہ تعداد بڑھ کر 1.1 بلین تک پہنچ سکتی ہے۔