اسلام آباد ( آن لائن ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پٹرول کی شدید قلت ہوگئی ہے کیونکہ نجی پٹرول پمپس مالکان نے سستا پٹرول فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ دوسری طرف پی ایس او کے پٹرول پمپس پر گاڑیوں کا رش بڑھ گیا ہے اور پی ایس او کا کہنا ہے کہ ان کے پٹرول پمپس پر پٹرول کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ دوسری طرف نجی پٹرولیم کمپنیوں کا موقف ہے
کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت زیادہ کمی کردی ہے جو ان کے پاس تیل ذخیرہ تھا وہ انہوں نے گزشتہ قیمت پر خریدا تھا لیکن اب چونکہ قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے اور پٹرولیم لیوی بڑھا دی گئی لہذا ان کیلئے سستا پٹرول بیچنا ممکن نہیں ۔ پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی پٹرول پمپس مالکان نے مصنوعی قلت پیدا کی ہے کیونکہ پٹرول کی کوئی کمی نہیں ہے حکومت کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے ۔